دو دریا پر افسوسناک واقعہ، شخص نے دو بچوں کے ساتھ سمندر میں چھلانگ لگا دی

شہر قائد کے تفریحی مقام دو دریا پر ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ایک شخص دو بچوں کے ہمراہ سمندر میں کود گیا۔ واقعے میں تینوں افراد کے ڈوبنے کی اطلاعات ہیں جبکہ امدادی ٹیمیں سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق، عینی شاہدین نے بتایا کہ ایک شخص نے زبردستی دو کمسن بچوں کو اپنے ساتھ پانی میں دھکیلا۔ بچوں کی عمریں تقریباً 5 سے 7 سال کے درمیان بتائی جا رہی ہیں۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص کا رویہ مشکوک تھا اور وہ نشے کی حالت میں معلوم ہوتا تھا، جبکہ بچے اچھے گھرانے سے تعلق رکھتے تھے۔ ایک عینی شاہد نے تفصیل سے بتایا کہ بچوں نے کافی دیر تک پانی سے نکلنے کی کوشش کی، تاہم وہ ناکام رہے۔ موقع پر موجود افراد نے بچوں کو بچانے کی کوشش کی، لیکن پانی کی شدت اور بروقت امداد نہ پہنچنے کے باعث یہ ممکن نہ ہو سکا۔ شاہدین کے مطابق، واقعہ دوپہر 3 بجے کے قریب پیش آیا، اور تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک کسی بھی سرکاری امدادی ادارے نے رسپانس نہیں دیا۔ ایک عینی شاہد کا کہنا تھا کہ “ایک بچہ گرتے ہی چیخا، دوسرا بھاگنے لگا لیکن مرد نے اسے بھی دبوچ لیا اور سمندر میں گھسیٹ کر لے گیا۔” واقعے کے بعد پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچے اور 8 غوطہ خوروں کی مدد سے دو ٹیمیں تلاش کے عمل میں مصروف ہیں۔ اب تک کسی فرد کو بازیاب نہیں کیا جا سکا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ایک شخص نے دانستہ طور پر بچوں کے ساتھ سمندر میں چھلانگ لگائی، اور واقعے کی ہر پہلو سے تفتیش جاری ہے۔