سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ کراچی میں شہری ترقی کے لیے متعدد بڑے منصوبے تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں جن کا مقصد شہر کے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں 9 بڑے منصوبے 7.66 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیے جا رہے ہیں، کے ڈی اے کے 76 منصوبے 13.22 ارب روپے میں جاری ہیں جبکہ کے ایم سی 200 منصوبوں پر 18.36 ارب روپے خرچ کر رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ کراچی واٹر اینڈ سیوریج بورڈ اور لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی بھی مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام کر رہی ہیں۔ شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ حب کینال اور ڈملوٹی پانی کی پائپ لائن کا منصوبہ اگلے ایک سال میں مکمل ہو جائے گا جس کے بعد ڈی ایچ اے کو روزانہ 10 ایم جی ڈی پانی کی فراہمی ممکن ہو گی۔ غیر ملکی مالی معاونت سے جاری کراچی واٹر اینڈ سیوریج سروسز امپروومنٹ پروجیکٹ کا پہلا مرحلہ 25.47 ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جا رہا ہے جبکہ دوسرا مرحلہ 167.10 ارب روپے کی لاگت سے شہر کے پرانے پانی اور سیوریج نظام کی مکمل تجدید کرے گا۔انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت تعلیم کے شعبے میں بھی نمایاں اقدامات اٹھا رہی ہے۔ موجودہ مالی سال میں 130 اسکیموں کے تحت 1,280 تعلیمی یونٹس کی تعمیر و بحالی پر کام جاری ہے، جن پر 15.57 ارب روپے کی لاگت آئے گی جبکہ 1.88 ارب روپے پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں۔ دوسری جانب سیلاب متاثرہ اسکولوں کی بحالی کے لیے 30 اضلاع میں 12.33 ارب روپے کی سرمایہ کاری کی جا رہی ہے جبکہ جے آئی سی اے کے تعاون سے پانچ اضلاع میں 20 لڑکیوں کے اسکولوں کو پرائمری سے ایلیمنٹری سطح تک ترقی دی گئی ہے۔شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ کراچی کے ترقیاتی منصوبہ 2025-26 میں 756 اسکیمیں شامل کی گئی ہیں جن میں 713 جاری، 17 کیری فارورڈ اور 43 نئی اسکیمیں شامل ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کا مقصد کراچی کو جدید، بہتر اور سہولیات سے آراستہ شہر بنانا ہے۔





