فیلڈ مارشل عاصم منیر مسلم دنیا کے سپہ سالار بنیں، منعم ظفر خان کا مطالبہ

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے کہا ہے کہ مسلم دنیا کو متحد کرنے کے لیے ضروری ہے کہ اس کے سپہ سالاروں کی قیادت فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر کریں۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اس مقصد کے لیے متحد ہے اور فیلڈ مارشل کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ ادارۂ نورِ حق میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ علامہ اقبال کا خواب پاکستان کی صورت میں شرمندہ تعبیر ہوا، جو کلمے کی بنیاد پر حاصل کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پوری مسلم دنیا کی امیدوں کا مرکز ہے، اور 14 اگست کو یومِ آزادی شایانِ شان انداز میں منایا جائے گا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ 5 اگست کو “یومِ حقوقِ کشمیر” بھرپور انداز میں منایا جائے، کیونکہ بھارت مسلسل کشمیریوں کے حقوق پامال کر رہا ہے۔ منعم ظفر نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے ساتھ ساتھ غزہ میں بھی انسانیت سسک رہی ہے، جہاں اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں 60 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں اور باقی بھوک و پیاس کا شکار ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کو امریکا کی پشت پناہی حاصل ہے، جسے عالمی سطح پر چیلنج کرنا ہوگا۔ شہرِ کراچی کے مسائل پر بات کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ K-IV منصوبہ تاخیر کا شکار ہے اور شہری پانی جیسی بنیادی سہولت سے محروم ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی دونوں سندھ کی تباہی میں برابر کی شریک ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اورنگی ٹاؤن جیسے علاقوں میں پورے مہینے پانی دستیاب نہیں ہوتا، جبکہ پورے شہر میں سیوریج اور واٹر سپلائی کا نظام مفلوج ہو چکا ہے۔ انہوں نے واٹر کارپوریشن کی کارکردگی پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا: “یہ ادارہ آخر کس کام کا ہے؟” منعم ظفر خان نے واضح کیا کہ جماعت اسلامی ان تمام مسائل پر عوام کی آواز بنے گی اور شہرِ قائد کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔