شہر قائد میں جرائم پیشہ عناصر کی سنگین واردات کا انکشاف ہوا ہے، جہاں سپر ہائی وے جمالی پل کے قریب ایک شخص کو شدید زخمی حالت میں کار سے پھینک دیا گیا۔ زخمی شہری کی شناخت عابد ولد شبیر کے نام سے ہوئی ہے، جو شاہ لطیف ٹاؤن کا رہائشی اور پراپرٹی کے کاروبار سے وابستہ ہے۔ اسپتال میں دوران علاج عابد نے ہوش میں آکر ہولناک واقعے کی تفصیلات بیان کیں۔ عابد کے مطابق اسے ملیر گلشن قادری سے کرولا کار میں سوار مسلح افراد نے اغواء کیا۔ اغواء کاروں نے اس کے ہاتھ پلاسٹک ٹائی سے باندھ کر کئی گھنٹے مختلف علاقوں میں گھمایا اور دس لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا۔ متاثرہ شخص نے بتایا کہ اُس کے پاس اُس وقت 50 ہزار روپے نقد اور کئی بینک چیکس موجود تھے، جو ملزمان نے لوٹ لیے۔ بعد ازاں اسے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پاؤں پر گولی مار کر نیم بے ہوشی کی حالت میں سڑک پر پھینک دیا گیا۔ عابد کا کہنا ہے کہ وہ ہوش کھو بیٹھا تھا اور اسے یاد نہیں کہ کس مقام پر پھینکا گیا۔ ادھر پولیس نے متاثرہ شخص کے بیان کی روشنی میں اغواء، ڈکیتی، اور اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔






