حکومت کا ارشد ولی محمد کو ستارہ امتیاز دینے کا اعلان

حکومتِ پاکستان نے ملک کے نمایاں کاروباری و سماجی رہنما اور سابق وزیر برائے سیاحت، ماحولیات، موسمیاتی تبدیلی و کوسٹل ڈویلپمنٹ سندھ، ارشد ولی محمد کو ستارہ امتیاز دینے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے۔ یہ اعزاز ان کی غیر معمولی خدمات، پیشہ ورانہ مہارت اور انسان دوستی کے اعتراف میں دیا جارہا ہے۔ ارشد ولی محمد نے نگران حکومت (2023-24) میں وزیر سیاحت کی حیثیت سے سندھ کے ثقافتی ورثے، تاریخی مقامات اور ساحلی امکانات کو اجاگر کرنے کے لیے نمایاں اقدامات کیے۔ ان کی کاوشوں سے ماحولیاتی سیاحت، مقامی کمیونٹی کی شمولیت اور صوبے کی بین الاقوامی سطح پر تشہیر میں اضافہ ہوا۔ ان کے دور میں سندھ کو تاریخ، قدرتی حسن اور سیاحتی مواقع سے مالامال خطہ کے طور پر دنیا کے سامنے متعارف کرایا گیا۔ کاروباری میدان میں بھی ان کی خدمات غیر معمولی ہیں۔ Gerry’s Group کے گروپ ڈائریکٹر کی حیثیت سے انہوں نے پاکستان کی ایوی ایشن اور ٹریول انڈسٹری کو نئی جہت دی، عالمی رابطے بڑھائے اور ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔ ستارہ امتیاز کی یہ باوقار تقریب یومِ پاکستان کے موقع پر اسلام آباد میں منعقد ہوگی، جہاں انہیں یہ اعلیٰ سول ایوارڈ باضابطہ طور پر عطا کیا جائے گا۔