قومی آفات سے نمٹنے کے ادارے (این ڈی ایم اے) نے سندھ اور بلوچستان میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے۔ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق سندھ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ کراچی، حیدرآباد، جامشورو، بدین اور تھرپارکر میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ نشیبی علاقے زیر آب آسکتے ہیں اور ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوسکتی ہے۔اسی طرح سکھر، لاڑکانہ اور شکارپور میں بھی وقفے وقفے سے شدید بارش کا امکان ہے جبکہ کیرتھر رینج میں برساتی ریلوں اور سیلابی صورتحال کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔بلوچستان کے جنوبی و مشرقی اضلاع بھی بارش کے زیر اثر رہیں گے۔ خضدار، اواران، قلات، ژوب اور حب میں شدید بارش کی پیشگوئی ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق کیچ، گوادر، اورماڑہ اور پسنی میں بھی موسلادھار بارش متوقع ہے، جس سے برساتی ندی نالوں میں طغیانی آسکتی ہے۔ وڈھ اور بیلا کے رہائشیوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ بارش کے باعث کچے مکانات، زرعی زمینیں اور رابطہ سڑکیں متاثر ہوسکتی ہیں۔ عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کمزور تعمیرات، بجلی کے کھمبوں اور درختوں کے قریب نہ جائیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔






