کراچی میں ٹریفک کی صورتحال بہتر بنانے کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک کے 7 اہم احکامات

کراچی میں حادثات کی روک تھام اور ٹریفک کی روانی یقینی بنانے کے لیے ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ نے تمام افسران کو 7 اہم ہدایات جاری کر دی ہیں۔پہلے حکم کے مطابق شہر بھر میں بھیک مانگنے پر مکمل پابندی ہوگی۔ سگنلز اور چوراہوں پر بھیک مانگنے والوں کو فوری گرفتار کر کے مقامی پولیس کے حوالے کیا جائے اور تفصیلات ریڈر برانچ سے شیئر کی جائیں۔دوسری ہدایت میں کہا گیا ہے کہ جن اسکولوں کی وجہ سے مرکزی شاہراہوں پر ٹریفک میں رکاوٹ پیدا ہوتی ہے، وہاں متعلقہ افسران صبح اور چھٹی کے اوقات خود موجود رہیں۔ اسکولوں کے باہر طلبہ کو لینے آنے والی گاڑیاں منظم قطار میں کھڑی کی جائیں۔تیسری ہدایت کے مطابق تمام چوراہوں کو خالی رکھا جائے اور 50 میٹر کے اندر ناجائز تجاوزات یا پارکنگ کی اجازت نہ دی جائے۔چوتھی ہدایت میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی صورت بسوں کی چھت پر مسافروں کو سفر کرنے کی اجازت نہ ہو۔ اسی طرح تمام رکشہ اور چنگ چی ڈرائیور اپنی نمبر پلیٹس واضح لگائیں اور نابالغ ڈرائیوروں کو ہرگز اجازت نہ دی جائے۔پانچویں اہم حکم کے مطابق فیکٹریوں، اداروں اور دفاتر کے باہر کھڑی موٹر سائیکلوں کا معائنہ کیا جائے۔ نمبر پلیٹ، ہیڈلائٹس، بیک لائٹس، انڈیکیٹرز، سائیڈ مررز اور چین درست حالت میں ہوں، جبکہ سوار کے پاس اصل ڈرائیونگ لائسنس اور ہیلمٹ لازمی ہو۔ بصورت دیگر موٹر سائیکلیں باؤنڈ کر دی جائیں۔پیر محمد شاہ نے کہا کہ اہلکاروں کی وردی صاف ستھری اور معیاری ہونی چاہیے۔ کسی بھی حکم کی خلاف ورزی پر سخت انضباطی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔