کراچی کے علاقے لیاری میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے 60 سالہ شخص جاں بحق

کراچی کے علاقے لیاری اولڈ حاجی کیمپ میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک 60 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ جمعہ کی صبح کلاکوٹ تھانے کی حدود لنڈا بازار، بھٹو ہوٹل کے قریب پیش آیا۔ مقتول کی لاش ایدھی ایمبولنس کے ذریعے سول اسپتال منتقل کی گئی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور کرائم سین یونٹ کو طلب کرکے شواہد اکٹھے کیے۔ ایس ایچ او کلاکوٹ آغا معشوق علی کے مطابق مقتول کی شناخت سمیر ولد میرحسن کے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کے مطابق مقتول اور اس کا بھائی ماضی میں منشیات فروشی میں ملوث رہے ہیں۔ ابتدائی تفتیش میں معلوم ہوا ہے کہ مقتول کو ملزم شکیل اور اس کے ساتھی نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقتول کے بھائی وزیر نے ماضی میں سلطان چوانی، شکیل اور پہلوان کو قتل کیا تھا۔ مفرور ملزم شکیل نے اپنے والد پہلوان کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے سمیر کو نشانہ بنایا۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا یہ واقعہ ذاتی رنجش کے باعث پیش آیا اور ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔