شہر قائد کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔ ڈیفنس، کورنگی روڈ، شارع فیصل، برنس روڈ اور ایم اے جناح روڈ سمیت کئی علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ اسی طرح قیوم آباد، محمود آباد، منظور کالونی، بلوچ کالونی اور اطراف کے علاقے بھی بارش سے تر و تازہ ہو گئے ہیں۔یونیورسٹی روڈ، جمشید روڈ، جہانگیر روڈ اور گلشن اقبال میں بھی بوندا باندی ہوئی جسے شہریوں نے خوشی سے سراہا۔ موسم کی اس تبدیلی نے شہر کا ماحول خوشگوار کر دیا ہے۔دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ تین روز کے دوران کراچی میں مزید اور شدید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ ماہرین کے مطابق گلستان جوہر، یونیورسٹی روڈ اور اسکیم 33 کے علاقے بارشوں سے زیادہ متاثر ہو سکتے ہیں، جس کے نتیجے میں مختلف سڑکوں پر پانی جمع ہونے کا خدشہ ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اپنائیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔






