کراچی میں پولیس مقابلے کے بعد کار لفٹر زخمی حالت میں گرفتار

اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل (اے وی ایل سی) کی کارروائی کے دوران مبینہ مقابلے کے بعد ایک کار لفٹر زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق قصبہ کالونی پراچہ قبرستان کے قریب پیر اور منگل کی درمیانی شب ہونے والے مقابلے میں 24 سالہ محسن علی ولد غلام شبیر زخمی ہوا، جسے فوری طور پر چھیپا ایمبولینس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ترجمان کراچی پولیس کے مطابق گرفتار ملزم امجد لاشاری گینگ کا کارندہ ہے جو شہر میں 10 سے 12 گاڑیاں چوری کرچکا ہے۔ ملزم چوری شدہ گاڑیاں بلوچستان کے علاقے مشک میں فروخت کرتا تھا۔ کارروائی کے دوران پولیس نے اسلحہ بمعہ گولیاں، موبائل فون، نقد رقم اور ایک چوری شدہ کار بھی برآمد کرلی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے خلاف اسلحہ برآمدگی اور پولیس مقابلے کے مقدمات تھانہ پیرآباد میں درج کیے جا رہے ہیں، جبکہ اس کے ساتھیوں کی گرفتاری اور مزید گاڑیوں کی برآمدگی کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔