کراچی میں مرغی کی سپلائی عارضی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ سندھ بلوچستان پولٹری ہول سیل ایسوسی ایشن ساؤتھ زون نے اعلان کیا ہے کہ خراب موسمی حالات اور راستوں کی دشوار گزار صورتحال کے باعث یہ اقدام ناگزیر ہوگیا ہے۔ایسوسی ایشن کے صدر ملک ظریف اعوان کے مطابق بیشتر پولٹری فارم کچے کے علاقوں میں قائم ہیں، جہاں حالیہ بارشوں کے بعد راستے کیچڑ سے بھر گئے ہیں۔ اس دوران مال بردار گاڑیاں اکثر کیچڑ میں پھنس جاتی ہیں یا الٹنے کے واقعات پیش آتے ہیں، جس سے لاکھوں روپے کے نقصان کے ساتھ ساتھ لیبر بھی زخمی ہو جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسوسی ایشن طویل عرصے سے ان نقصانات کا سامنا کر رہی ہے اور اب مزید برداشت ممکن نہیں۔ لہٰذا فیصلہ کیا گیا ہے کہ جب تک راستے مکمل طور پر بہتر اور محفوظ نہیں ہو جاتے، اس وقت تک پولٹری فارم سے کراچی سپلائی بند رہے گی۔






