شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پیر اور منگل کی درمیانی شب فائرنگ کے تین الگ الگ واقعات پیش آئے، جن کے نتیجے میں پاک بحریہ کا ایک اہلکار جاں بحق جبکہ دو افراد زخمی ہو گئے۔ پولیس کے مطابق پہلا واقعہ سعید آباد سیکٹر 14/C میں فیضانِ مصطفیٰ مسجد کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 50 سالہ محمد ندیم ولد محمد سعید جاں بحق ہو گیا۔ ترجمان کراچی پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول پاک بحریہ میں ملازم تھا اور سعید آباد سیکٹر 9 کا رہائشی تھا۔ واردات اس وقت پیش آئی جب وہ گھر سے ڈیوٹی کے لیے روانہ ہو رہا تھا۔ ایس ایچ او سعید آباد پرویز علی سولنگی کے مطابق مقتول کے قبضے سے اس کا پرس برآمد ہوا، تاہم موبائل فون گھر پر موجود تھا۔ ابتدائی تحقیقات واقعے کو ذاتی رنجش قرار دے رہی ہیں، تاہم پولیس مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری رکھے ہوئے ہے۔ پاک کالونی کے علاقے پرانا گولیمار، میوہ شاہ قبرستان کے قریب پیش آیا جہاں فائرنگ سے 20 سالہ جلال بلوچ ولد شاہد بلوچ زخمی ہو گیا۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ میمن گوٹھ میں ایمرلڈ موتی والا فارم ہاؤس کے قریب پیش آیا، جہاں 30 سالہ زبیر فائرنگ سے زخمی ہوا۔ پولیس ترجمان کے مطابق واقعے کا سبب بھی ذاتی دشمنی معلوم ہوتا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ تینوں واقعات کی نوعیت الگ ہے، تاہم ہر پہلو سے جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ اصل محرکات سامنے لائے جا سکیں۔





