سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی قیادت سیلاب متاثرہ خاندانوں کے لیے امید کی کرن ہے۔اپنے بیان میں شرجیل میمن نے کہا کہ بلاول بھٹو عوام کے دکھ درد کو اپنا سمجھتے ہیں اور پیپلز پارٹی ان کی قیادت میں متاثرین کی مکمل بحالی تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو کا مؤقف عوام دوستی اور دور اندیشی کی عکاسی کرتا ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ ہر مشکل گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔سینئر وزیر نے مزید کہا کہ بلاول بھٹو کے مطالبے پر وفاق کی جانب سے ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی کا اعلان خوش آئند ہے، تاہم بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت ریلیف پیکیج کا تاحال اعلان نہ ہونا افسوسناک ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اس حوالے سے بلاول بھٹو کو ذاتی یقین دہانی کرائی تھی مگر گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، پنجاب اور بالخصوص جنوبی پنجاب کے عوام اب بھی اس پیکیج کے منتظر ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو نے درست نشاندہی کی کہ اقوام متحدہ کے پلیٹ فارم سے عالمی امداد کی اپیل میں تاخیر ناقابلِ فہم ہے۔ پیپلز پارٹی ہر فورم پر متاثرین کی آواز بنے گی اور ایوانوں میں قراردادیں لا کر ان کی بحالی کو قومی ایجنڈا بنایا جائے گا۔شرجیل انعام میمن نے مزید بتایا کہ بلاول بھٹو نے وسطی و جنوبی پنجاب اور سندھ کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا اور بعد ازاں وزیراعلیٰ سندھ اور صوبائی وزیر زراعت سے ملاقاتیں کیں تاکہ کسانوں کی بحالی کے لیے عملی حکمتِ عملی وضع کی جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ زرعی شعبہ سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے اور کسانوں کو دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑا کرنا بلاول بھٹو کا وژن ہے، جس کے لیے سندھ حکومت اقدامات کر رہی ہے اور وفاقی تعاون کی توقع رکھتی ہے۔






