گلستان جوہرمیں سفید کار میں سوار ڈکیت گروہ شہریوں کے لیے خوف کی علامت بن گیا

کراچی کے علاقے گلستان جوہر میں سفید کار میں سوار ڈکیت گروہ دن دیہاڑے گھروں میں گھسنے لگا، جس سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔متاثرہ شہری کے مطابق دو نقاب پوش ملزمان ان کے گھر میں داخل ہونا چاہتے تھے، لیکن دروازے کا تالا نہ کھلنے پر وہ پڑوس کے گھر میں گھس گئے۔ شہری نے فوری طور پر 15 پولیس ہیلپ لائن پر اطلاع دی اور ڈاکوؤں کا پیچھا کرتے ہوئے ان کی سفید کار کی ویڈیو بھی بنالی۔شور شرابہ ہونے پر ملزمان اسلحہ لہراتے ہوئے فرار ہوگئے۔ شہری نے ملزمان کی ویڈیو پولیس کے حوالے کردی تاکہ ان کے خلاف کارروائی کی جاسکے۔تاہم گلستان جوہر پولیس تاحال ڈکیت گروہ کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے، جس پر علاقے کے مکینوں نے شدید تشویش کا اظہار کیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ پولیس فوری کارروائی کرے۔