کراچی میں 3 خواجہ سراؤں کے قتل کا مقدمہ درج، پولیس نے خصوصی ٹیم تشکیل دے دی

کراچی میں تین خواجہ سراؤں کے لرزہ خیز قتل کے بعد پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دے دی ہے۔پولیس حکام کے مطابق واقعے کا مقدمہ میمن گوٹھ تھانے میں درج کر لیا گیا ہے اور کیس کو ہائی پروفائل نوعیت کا قرار دے کر تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان کو جلد قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز موٹر وے ایم نائن کے قریب جھاڑیوں سے تین خواجہ سراؤں کی لاشیں برآمد ہوئی تھیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا تھا۔ اس افسوسناک واقعے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔