سندھ حکومت نے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو عہدے سے ہٹا دیا

سندھ حکومت نے ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) شاہ میر بھٹو کو عہدے سے ہٹا دیا ہے۔ سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق ان کی جگہ مزمل حسین ہالیپوٹو کو نیا ڈائریکٹر جنرل مقرر کر دیا گیا ہے۔مزمل حسین ہالیپوٹو اس سے قبل محکمہ سوشل پروٹیکشن میں بطور سیکریٹری فرائض انجام دے رہے تھے۔شاہ میر بھٹو کو 4 جولائی کو لیاری میں عمارت گرنے کے واقعے کے بعد اسحاق کھوڑو کی جگہ ڈی جی ایس بی سی اے تعینات کیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق اپنے دورِ تعیناتی کے دوران شاہ میر بھٹو نے کسی نئی تعمیرات کا نقشہ منظور نہیں کیا اور غیرقانونی تعمیرات کی روک تھام پر سخت اقدامات کیے۔مزید بتایا گیا ہے کہ شاہ میر بھٹو کو ایس بی سی اے میں موجود بدعنوان عناصر کے خلاف کارروائی کا ٹاسک دیا گیا تھا۔ ان کی تعیناتی کے دوران ادارے کے متعدد افسران کے خلاف مقدمات درج ہوئے اور کم از کم 16 افسران کو گرفتار بھی کیا گیا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ ایس بی سی اے میں بار بار ہونے والی انتظامی تبدیلیاں ادارے کی کارکردگی اور پالیسیوں پر براہِ راست اثرانداز ہو رہی ہیں۔