کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں گھریلو جھگڑے کے دوران فائرنگ سے شوہر جاں بحق

کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے گیارہ میں گھریلو جھگڑا خوفناک رخ اختیار کر گیا۔جھگڑے کے دوران فائرنگ سے 35 سالہ محمد حسین جاں بحق ہو گیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ میاں بیوی کے درمیان تنازع کے نتیجے میں پیش آیا۔
پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں انکشاف ہوا ہے کہ فائرنگ مقتول کی اہلیہ نے کی،اور واقعے میں استعمال ہونے والا پستول خود محمد حسین کا تھا۔اقبال مارکیٹ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے خاتون کو گرفتار کر کے آلۂ قتل برآمد کر لیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جوڑے کے درمیان تنازعات کا سلسلہ طویل عرصے سے جاری تھا،جبکہ ایک ہفتہ قبل بھی اسی نوعیت کے جھگڑے میں فائرنگ سے اہلِ خانہ زخمی ہوئے تھے۔پولیس نے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، جبکہ لاش کو ضابطے کی کارروائی کے بعد ورثا کے حوالے کر دیا گیا ہے۔