لانڈھی میں 7 سالہ سعد سے زیادتی کے بعد قتل، سفاک ملزمان کے اعترافی بیانات سامنے آگئے

کراچی کے علاقے لانڈھی میں 7 سالہ ننھے سعد سے زیادتی اور قتل کا لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے، گرفتار ملزمان سہیل اور حسن کے پولیس کو دیے گئے اعترافی بیانات منظرِ عام پر آگئے ہیں۔پولیس کے مطابق ننھا سعد 18 ستمبر کو اپنی خالہ کے گھر سے نکل کر قریبی چبوترے پر بیٹھا تھا کہ ملزمان نے اسے ورغلا کر ساتھ لے جایا۔ اعترافی بیان میں ملزم سہیل نے انکشاف کیا کہ حسن کے کہنے پر بچے کو اغوا کیا گیا، جس کے بعد دونوں نے باری باری زیادتی کی۔ملزمان نے مزید بتایا کہ جرم چھپانے کے لیے بچے کو پہلے گلا دبا کر مارا گیا اور پھر سر پر اینٹ ماری گئی۔ لاش کو تھیلے میں ڈال کر کچرا کنڈی میں پھینکا گیا اور اوپر بلاک اور قالین رکھ دیا گیا تاکہ کوئی شک نہ ہو۔ بعد ازاں بدبو آنے پر علاقے کے لوگوں کو اطلاع بھی ملزمان نے ہی دی۔پولیس حکام کے مطابق واردات کے چند ہی گھنٹوں بعد ملزمان تک رسائی حاصل کرلی گئی تھی۔ حسن باڑے میں رہائش پذیر تھا جبکہ سہیل قریب ہی اپنی اہلیہ کے ساتھ رہتا تھا۔ بچے کی لاش چار روز بعد کچرا کنڈی سے برآمد ہوئی۔یہ لرزہ خیز واقعہ علاقے کے مکینوں کو جھنجھوڑ کر رکھ گیا ہے، جبکہ عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے درندہ صفت مجرموں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔