کراچی میں نوسر بازوں کی جانب سے شہریوں کو جعلی ٹریفک چالان کے ایس ایم ایس بھیجے جانے لگے ہیں۔ کراچی ٹریفک پولیس کے مطابق بعض عناصر شہریوں کو ایزی پیسہ کے ذریعے چالان کی ادائیگی کے نام پر فراڈ پیغامات بھیج رہے ہیں جو سراسر جھوٹے اور گمراہ کن ہیں۔ترجمان ٹریفک پولیس نے واضح کیا ہے کہ ان پیغامات کا نہ تو کراچی ٹریفک پولیس اور نہ ہی کسی سرکاری ادارے سے کوئی تعلق ہے۔ شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ ٹریفک پولیس چالان کی ادائیگی کے لیے کسی پرسنل نمبر سے ایس ایم ایس نہیں بھیجتی۔پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ ایسے مشکوک پیغامات پر ہرگز یقین نہ کریں، کسی غیر مصدقہ نمبر یا لنک پر ادائیگی نہ کریں اور اپنی ذاتی معلومات کو ہر حال میں محفوظ رکھیں۔ کسی بھی شک یا پریشانی کی صورت میں فوری طور پر ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 پر رابطہ کریں۔






