کراچی کے مختلف علاقوں میں آئندہ 2 روز میں آندھی کے ساتھ کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ نجی موسمیاتی ادارے کی جانب سے پیشگوئی کی گئی ہے کہ پیر اور منگل کو شمال مشرق اور شمال مغرب میں گرج چمک کے بادل بن سکتے ہیں، مختلف علاقوں میں آندھی کے ساتھ کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔ نجی موسمیاتی ادارے کا کہنا ہےکہ آندھی کے پیش نظربل بورڈ، درختوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں۔ نجی موسمیاتی ادارے کے مطابق کراچی میں 9 سے 10 مئی کے دوران بھی بارش کا امکان ہے۔ کراچی کے علاوہ حیدرآباد، ٹھٹہ اور جامشورو میں آئندہ 5 روز کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ ٹنڈو اٰلہ یار، ٹنڈو محمد خان اورگردونواح بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کاامکان ہے۔ سکھر،لاڑکانہ، جیکب آباد، روہڑی اور شہداد کوٹ میں آندھی و ژالہ باری کا امکان ہے۔ دادو اور مورو میں بھی بارش اور آندھی و ژالہ باری کا امکان ہے۔ نواب شاہ، سیہون اور سانگھڑ میں بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ بدین، میرپور خاص، گولارچی، مٹھی اور اسلام کوٹ میں موسلادھار بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ دوسری جانب آج شمال مشرقی بلوچستان میں موسلادھار بارش اور ژالہ باری سے باغات کو شدید نقصان پہنچا۔ کوہلو، مسلم باغ،کان مہترزئی اور قمرالدین میں بارش اور ژالہ باری ہوئی۔ قلعہ سیف اللہ کی تحصیل مسلم باغ میں اولے پڑنےسےباغات کو شدید نقصان پہنچا۔