کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں کے لیے سائیکلون الرٹ جاری

کراچی سمیت سندھ کے ساحلی علاقوں کے لیے محکمہ موسمیات نے ایک اہم الرٹ جاری کر دیا ہے۔ خلیج کیمبے (بھارت) کے اوپر ہوا کا انتہائی کم دباؤ بننے کے بعد سائیکلون وارننگ سینٹر نے سمندری طوفان کا پہلا الرٹ جاری کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ویل مارک ایریا اس وقت خلیج کیمبے اور بھارتی ریاست گجرات کے قریب موجود ہے اور اس کے شمال مغرب کی جانب بڑھنے کا امکان ہے۔ یہ سسٹم یکم اکتوبر کو شمال مشرقی بحیرہ عرب میں بھارتی علاقے سوراشٹرا پہنچ سکتا ہے، جہاں شدت اختیار کرکے ڈپریشن میں تبدیل ہونے کی پیشگوئی ہے۔سائیکلون وارننگ سینٹر کا کہنا ہے کہ فی الحال پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو کوئی خطرہ نہیں ہے، تاہم اس سسٹم پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ امکان ہے کہ یہ سسٹم بھارتی گجرات سے آگے بڑھتے ہوئے بحیرہ عرب میں داخل ہو اور اس کے اثرات جنوب مشرقی سندھ، زیریں سندھ اور کراچی سمیت ساحلی علاقوں پر پڑ سکتے ہیں۔دوسری جانب کراچی میں موسم شدید گرم اور حبس زدہ ہے، شہر میں سمندری ہوائیں بند ہونے کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ کل بھی موسم شدید گرم رہے گا۔ شام کے وقت ہلکی بارش کا امکان ضرور ہے لیکن نمی کے بڑھتے تناسب کے باعث گرمی کی شدت مزید بڑھے گی۔ماہرین موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ موسم کی بدلتی صورتحال اور ممکنہ سمندری طوفان سے متعلق تازہ اپڈیٹس پر نظر رکھیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔