نارتھ کراچی یوپی موڑ کے قریب جھگیوں میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی،

نارتھ کراچی یوپی موڑ کے قریب جھگیوں میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے درجنوں کچے مکانات کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ترجمان ریسکیو 1122 کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول سے ریسکیو ٹیمیں، فائر ٹینڈرز اور ایمبولینسیں جائے وقوعہ کی جانب روانہ کی گئیں۔ ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کیں۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق چھ گاڑیوں نے آدھے گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا لیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق آگ سے 20 سے زائد جھگیاں مکمل طور پر جل کر خاکستر ہو گئیں، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان پیش نہیں آیا۔فائر آفیسر عارف منصوری کے مطابق آگ لگنے کی وجوہات تاحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ کولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد وجوہات کا جائزہ لیا جائے گا۔