سندھ حکومت کے بروقت اقدامات، کچے کے علاقوں سے 1 لاکھ 41 ہزار افراد محفوظ مقامات پر منتقل

سندھ کے سینئر وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ دریاؤں میں پانی کی صورتحال اب بھی غیر معمولی ہے، تاہم حکومت سندھ نے سیلابی خطرات سے نمٹنے کے لیے بروقت اقدامات کیے ہیں۔اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ عوام کے جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور ریلیف ادارے مشترکہ حکمت عملی کے تحت دن رات سرگرم ہیں۔شرجیل میمن کے مطابق کچے کے علاقوں سے گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 7 ہزار 724 افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا، اس طرح مجموعی طور پر 1 لاکھ 41 ہزار 611 افراد کو محفوظ مقامات پر پہنچایا جا چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ حکومت سندھ کے قائم کردہ 159 فکسڈ اور موبائل ہیلتھ کیمپس میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 4 ہزار 894 افراد کو طبی سہولیات فراہم کی گئیں، جبکہ اب تک کل 50 ہزار 40 افراد کا علاج کیا گیا ہے۔جانوروں کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 8 ہزار 577 مویشیوں کو منتقل کیا گیا، جس سے مجموعی تعداد 3 لاکھ 88 ہزار 940 تک جا پہنچی ہے۔ اس دوران 36 ہزار 881 مویشیوں کی ویکسینیشن اور علاج کیا گیا، جبکہ اب تک کل 9 لاکھ 74 ہزار 825 مویشیوں کو ویکسین لگائی جا چکی ہے۔