شمال مشرقی بحیرۂ عرب میں موجود سسٹم نے شدت اختیار کرلی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ڈپریشن اب “ڈیپ ڈپریشن” میں تبدیل ہوچکا ہے اور آئندہ 12 گھنٹوں میں طوفان بننے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ یہ سسٹم اس وقت کراچی سے تقریباً 400 کلومیٹر جنوب میں موجود ہے، جس کے اثرات کے باعث سندھ کے مختلف علاقوں سمیت کراچی میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ محکمہ نے سمندر میں طغیانی کی بھی پیشگوئی کی ہے۔شہر قائد میں اگلے 24 گھنٹوں کے دوران مطلع جزوی ابر آلود، موسم مرطوب اور کہیں کہیں بوندا باندی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے، جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 81 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے۔






