نیب کو 15 سال سے مطلوب اشتہاری ملزم کامران احمد خان کو جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی سے گرفتار کر لیا گیا۔ذرائع کے مطابق کامران احمد خان یوگنڈا سے کراچی پہنچا تو ایف آئی اے امیگریشن نے کارروائی کرتے ہوئے اسے حراست میں لے لیا۔
ملزم کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل تھا، جبکہ گرفتاری سے بچنے کے لیے اس نے مالٹا کا جعلی پاسپورٹ اور ریزیڈنٹ کارڈ استعمال کیا۔تحقیقات کے مطابق کامران احمد خان کے خلاف سال 2010 میں نیب کراچی میں ریفرنس دائر کیا گیا تھا، جس کے بعد وہ یو اے ای فرار ہو گیا تھا۔ملزم نے ایک ایجنٹ کی مدد سے 6000 امریکی ڈالر کے عوض جعلی دستاویزات تیار کروائے، تاہم سفری ریکارڈ سے انکشاف ہوا کہ وہ کبھی بھی مالٹا گیا ہی نہیں۔ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد نیب حکام کے حوالے کر دیا۔
کامران احمد خان کا تعلق کراچی سے بتایا جا رہا ہے۔






