کراچی اور حیدرآباد میں 500 الیکٹرک بسیں متعارف کروانے کا اعلان

سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ کراچی اور حیدر آباد میں مرحلہ وار 500 الیکٹرک بسیں متعارف کرائی جائیں گی، جو پیپلز گرین ٹرانسپورٹ منصوبے کا حصہ ہوں گی۔ شرجیل میمن کے مطابق یہ فلیگ شپ منصوبہ شہریوں کو آرام دہ، کم لاگت اور ماحول دوست سفری سہولت فراہم کرے گا، جس سے فضائی آلودگی میں نمایاں کمی آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے میں جدید بس ڈپو، چارجنگ اسٹیشنز، خودکار کرایہ وصولی اور اسمارٹ مانیٹرنگ سسٹم بھی شامل ہوں گے تاکہ ٹرانسپورٹ نظام کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔شرجیل میمن نے مزید کہا کہ کراچی پورٹ سے قیوم آباد تک ایلیویٹڈ فریٹ ایکسپریس وے منصوبے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ 16.5 کلومیٹر طویل یہ ایکسپریس وے بندرگاہ سے بھاری گاڑیوں کے لیے مخصوص راستہ فراہم کرے گا، جس سے شہری سڑکوں پر ٹریفک کے دباؤ میں کمی اور بندرگاہ کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔انہوں نے بتایا کہ جامشورو اور مٹیاری میں 41 ہزار ایکڑ رقبے پر دریائی جنگلات لگانے کا منصوبہ ماحولیاتی تحفظ اور کاربن کے اخراج میں کمی کی جانب ایک بڑا قدم ہے۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت زراعت اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبے میں نجی شراکت داری کو فروغ دے رہی ہے، جس کے تحت ٹھٹھہ میں ٹماٹر کلسٹر پراسیسنگ پلانٹ اور صوبے بھر میں چاول و گندم میکانائزیشن منصوبوں پر فزیبلٹی اسٹڈیز مکمل کی جا رہی ہیں۔شرجیل میمن نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کے تحت صوبے میں ٹرانسپورٹ، توانائی، ماحولیات اور انفرا اسٹرکچر کے شعبوں میں متعدد منصوبے شروع کیے جا رہے ہیں۔ ان منصوبوں سے شہری سہولتوں میں بہتری، روزگار کے مواقع میں اضافہ، سرمایہ کاری کے فروغ اور ٹیکنالوجی کے استعمال کو وسعت ملے گی۔ ان کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت سندھ عوامی خدمت، ترقی اور خود انحصاری کے وژن پر گامزن ہے اور صوبے کے عوام کے لیے ایک خوشحال اور جدید مستقبل کی بنیاد رکھ رہی ہے۔