کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس کی کارروائی، پانچ ڈاکو گرفتار

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے کارروائیاں کرتے ہوئے پانچ ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا، جن میں سے چار زخمی حالت میں ہیں۔پولیس کے مطابق مبینہ مقابلے بلال کالونی، منگھو پیر اور شارع نورجہاں کے علاقوں میں پیش آئے۔بلال کالونی پولیس نے نارتھ کراچی میں کارروائی کے دوران دو ڈاکوؤں محسن عباسی اور محمد آصف کو زخمی حالت میں گرفتار کیا۔ ملزمان سے ایک پستول، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی جبکہ دونوں کو ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا۔اسی طرح منگھو پیر پولیس نے حب ریور روڈ پر کارروائی کے دوران دو زخمی ڈاکوؤں شہریار اور مشتاق کو گرفتار کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے دو پستول، چھینی گئی رقم سے بھرے پرس، موبائل فون اور ایک موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔مزید برآں شارع نورجہاں پولیس نے نارتھ ناظم آباد بلاک یو میں کارروائی کرتے ہوئے ایک ڈاکو حسان کو زخمی حالت میں گرفتار کیا، تاہم اس کا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ حسان کے قبضے سے ایک پستول، دو موبائل فونز اور نقد رقم برآمد ہوئی۔پولیس کے مطابق تمام زخمی ملزمان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے تلاش جاری ہے۔