کراچی کی جہانگیر روڈ تباہ حالی کا شکار، شہریوں کو مشکلات کا سامنا

کراچی کے ضلع وسطی میں واقع جہانگیر روڈ اور اطراف کی سڑکیں مکمل طور پر تباہ حالی کا شکار ہیں، جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تین ہٹی جانے اور آنے والے راستوں پر جگہ جگہ گڑھے بنے ہوئے ہیں، جبکہ کئی مقامات پر سڑک کا نام و نشان مٹ چکا ہے۔ شہریوں کے مطابق طویل عرصے سے سڑکوں کی مرمت یا تعمیر نو کا کوئی کام شروع نہیں کیا گیا، جس کے باعث ٹریفک کی روانی بری طرح متاثر ہے اور حادثات کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔سڑکوں کی خستہ حالی کے باعث متعدد ڈرائیورز مجبوری کے تحت رانگ وے کا استعمال کررہے ہیں، جبکہ ٹریفک پولیس کی عدم موجودگی صورتحال کو مزید خطرناک بنا رہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ جہانگیر روڈ کی مرمت گزشتہ ایک دہائی میں چار سے زائد بار کی جا چکی ہے، مگر ناقص مٹیریل اور غیر معیاری کام کی وجہ سے سڑک کچھ ہی عرصے بعد دوبارہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوجاتی ہے۔اس کے علاوہ جہانگیر روڈ کے مختلف حصوں پر کچرے کے ڈھیر اور گندگی کے باعث ماحول شدید آلودہ ہوچکا ہے۔ دھول مٹی سے سانس اور آنکھوں کی بیماریاں عام ہو رہی ہیں، جبکہ سڑک کنارے نشے کے عادی افراد کے ڈیرے بھی شہریوں کے لیے خطرے کا باعث بنے ہوئے ہیں۔ مقامی آبادی نے ضلعی انتظامیہ اور حکومتِ سندھ سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر سڑکوں کی تعمیر و صفائی کا کام شروع کیا جائے تاکہ شہریوں کو ریلیف مل سکے۔