ترجمان وفاقی حکومت برائے سندھ راجہ خلیق انصاری نے کہا ہے کہ عوام کے لیے خوشخبری ہے کہ گرین لائن منصوبے کا کام جلد شروع ہونے والا ہے۔جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ خلیق انصاری نے بتایا کہ وزیراعظم ہاؤس میں گرین لائن منصوبے سے متعلق اہم میٹنگ ہوئی، جس میں منصوبے کے تمام پہلوؤں پر بات چیت کی گئی۔ان کے مطابق بلدیاتی حکومت نے جن ادھورے کاموں کی نشاندہی کی ہے وہ مکمل کیے جائیں گے۔ترجمان نے کہا کہ ایک ماہ کی تاخیر کے باعث منصوبہ اب ستمبر 2026 تک مکمل ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ منصوبے میں کیپری سنیما، پلازہ اور جامع کلاتھ کے قریب ایک نیا اسٹیشن تعمیر کیا جائے گا، جب کہ گرین لائن منصوبہ جامع کلاتھ کے قریب ختم ہوگا۔راجہ خلیق انصاری نے مزید وضاحت کی کہ میئر کا مؤقف تھا کہ منصوبے کے لیے این او سی نہیں لیا گیا، تاہم این او سی 2017 میں جاری کیا گیا تھا اور اس پر کوئی مدت درج نہیں تھی، اسی لیے ہم سمجھتے تھے کہ وہی این او سی مؤثر ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ 31 اکتوبر کو کراچی کینٹ میں اسٹیٹ آف دی آرٹ اسٹیشن کا افتتاح کیا جائے گا، جہاں پہنچ کر شہریوں کو ایسا محسوس ہوگا جیسے وہ ائیرپورٹ پر آ گئے ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کراچی کے زیرِ تعمیر منصوبوں میں تعاون کے لیے تیار ہے، جب کہ لیاری ایکسپریس وے پر صرف مینٹیننس کا کام جاری ہے اور منصوبہ حسبِ معمول چلتا رہے گا۔






