لیاری میں ہوٹل مالک کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق

لیاری کے علاقے پرانا حاجی کیمپ میں ہوٹل مالک کی فائرنگ سے ایک شخص سر میں گولی لگنے کے باعث جاں بحق ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ کے علاقے لیاری پرانا حاجی کیمپ گلی نمبر ایک میں واقع الحفیظ میزان ریسٹورنٹ المعروف بھٹو ہوٹل پر منگل اور بدھ کی درمیانی شب فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔ واقعے میں 24 سالہ مصطفیٰ کچھی ولد سکندر کچھی زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔ تاہم وہ بدھ کی صبح دورانِ علاج دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق مقتول کے سر پر گولی لگی تھی جبکہ اس کے پاس سے کے الیکٹرک کے نام کا کارڈ بھی ملا ہے۔ابتدائی تحقیقات میں بتایا گیا کہ ہوٹل کا مالک کیش کاؤنٹر پر بیٹھا تھا جب دو افراد اچانک ہوٹل میں داخل ہوئے۔ ایک شخص کے ہاتھ میں اسلحہ دیکھ کر مالک نے سمجھا کہ وہ ڈکیت یا ٹارگٹ کلرز ہیں، جس پر اس نے اپنے لائسنس یافتہ پستول سے فائرنگ کردی، نتیجے میں مصطفیٰ کچھی گولی لگنے سے زخمی ہوگیا۔واقعے کی اطلاع پر نیپیئر تھانے کے ایس ایچ او سب انسپکٹر علی باقر موقع پر پہنچے اور ہوٹل کے مالک ثناء اللہ ولد عزیزاللہ کو گرفتار کر کے اس کا پستول قبضے میں لے لیا۔پولیس کے مطابق واقعہ غلط فہمی کے باعث پیش آیا، تاہم تحقیقات جاری ہیں اور اعلیٰ افسران کی مشاورت سے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔