سندھ ہائیکورٹ میں پولیس نے ایک ہی خاندان کے 25 یرغمال افراد کو بازیاب کرا لیا

سندھ ہائیکورٹ میں پولیس نے ایک ہی خاندان کے 25 یرغمال افراد کو بازیاب کرا کے رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔تفصیلات کے مطابق، ایک ہی خاندان کے 25 افراد کو یرغمال بنانے کے خلاف درخواست کی سماعت جسٹس حسن اکبر کی عدالت میں ہوئی، جہاں پولیس نے عملدرآمد رپورٹ پیش کی۔پولیس رپورٹ کے مطابق تمام یرغمال افراد کو علی اصغر جمالی کی زمین سے بازیاب کرایا گیا۔ کارروائی مین وار اسٹاپ، ڈسٹرکٹ بے نظیر آباد میں کی گئی، جہاں متاثرہ خاندان کے افراد کو دو سال سے جبری مشقت کے لیے قید میں رکھا گیا تھا۔عدالت نے دونوں اضلاع کی پولیس کی کارکردگی کو سراہا۔ واضح رہے کہ عدالت نے پولیس حکام کو تین دن میں عملدرآمد کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔بازیاب ہونے والوں میں دو ماہ کا بچہ بھی شامل ہے۔ متاثرہ خاندان کے رشتہ داروں نے اپنے پیاروں کی بازیابی کے لیے سندھ ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔