سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کا بڑا اقدام، ڈینگی اور ملیریا ٹیسٹ کے نرخوں میں نمایاں کمی

شہر میں ڈینگی اور ملیریا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن نے اہم اقدام کرتے ہوئے مختلف لیبارٹری ٹیسٹوں کے نرخوں میں نمایاں کمی کردی ہے۔ نئی ریٹ لسٹ 21 اکتوبر سے 31 دسمبر 2025 تک نافذالعمل رہے گی۔کمیشن کے مطابق اس فیصلے کا مقصد شہریوں کو ریلیف فراہم کرنا اور تشخیصی سہولیات کو عام افراد کی پہنچ میں لانا ہے۔ نئی فیس کے مطابق ملیریا ٹیسٹ کی قیمت 3,050 روپے سے کم کر کے 600 روپے، ڈینگی NS1 ٹیسٹ کی فیس 4,550 روپے سے گھٹا کر 1,100 روپے، ڈینگی IgM ٹیسٹ کی فیس 1,500 روپے جبکہ سی بی سی ٹیسٹ کی قیمت 1,250 روپے سے کم کر کے 500 روپے مقرر کی گئی ہے۔سندھ ہیلتھ کیئر کمیشن کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کا کہنا ہے کہ ڈینگی اور ملیریا کے کیسز میں اضافے اور گھریلو بجٹ پر بڑھتے دباؤ کے باعث یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ شہری مناسب قیمت پر ٹیسٹ کروا سکیں۔ ترجمان کے مطابق کمیشن صوبے بھر میں لیبارٹریوں کی نگرانی کرے گا تاکہ تمام ادارے نئے مقرر کردہ نرخوں پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔