جدہ سے لاہور آنے والی سیرین ایئر کی پرواز کو فنی خرابی کے باعث کراچی ایئرپورٹ پر ہنگامی طور پر اتار لیا گیا۔ دورانِ پرواز طیارے میں اچانک تکنیکی مسئلہ پیدا ہونے پر کپتان نے فوری طور پر کراچی ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ کیا اور ہنگامی لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔ایئر ٹریفک کنٹرول کی اجازت کے بعد طیارہ بحفاظت کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ پرواز میں 200 سے زائد مسافر سوار تھے جن میں زیادہ تر عمرہ زائرین شامل ہیں۔ابتدائی جانچ کے دوران معلوم ہوا کہ طیارے میں ایندھن کا رساؤ (Fuel Leakage) ہو رہا تھا۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی (CAA) کے انسپکٹرز نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں جبکہ ایئرلائن کے انجینئرز نے طیارے کی مرمت کا کام بھی شروع کر دیا ہے۔خوش قسمتی سے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور تمام مسافر محفوظ رہے۔





