کراچی میں ٹماٹر کی قیمتوں میں نمایاں کمی، عوام کو جزوی ریلیف

شہرِ قائد میں ٹماٹر کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ چند روز قبل 500 روپے فی کلو تک فروخت ہونے والے ٹماٹر اب کم قیمت پر دستیاب ہیں۔اسسٹنٹ کمشنر گلزار ہجری عرفان نظامانی نے ٹماٹر کی قیمتوں کے حوالے سے رپورٹ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کو پیش کر دی ہے۔رپورٹ کے مطابق، درجہ اوّل ٹماٹر کی قیمت گزشتہ روز کے 207 روپے فی کلو سے کم ہو کر 195 روپے مقرر کر دی گئی ہے، تاہم مارکیٹ میں اس کی فروخت 238 روپے فی کلو کے نرخ پر جاری ہے۔اسی طرح، درجہ دوم ٹماٹر کی قیمت 141 روپے فی کلو سے کم ہو کر 113 روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس درجہ کے ٹماٹر کا بازار بھاؤ 138 روپے فی کلو طے کیا گیا ہے۔کمشنر کراچی سید حسن نقوی نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت دی ہے کہ اپنے علاقوں میں ٹماٹر سمیت تمام سبزیوں کے سرکاری نرخوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنائیں۔انتظامیہ کے مطابق، مارکیٹوں میں ریٹ لسٹوں کی مانیٹرنگ بڑھا دی گئی ہے تاکہ عوام کو اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں ممکنہ ریلیف دیا جا سکے۔