بلدیہ ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں کا سپر اسٹور ملازم پر تشدد، ویڈیو سامنے آگئی

بلدیہ ٹاؤن میں پولیس اہلکاروں کی جانب سے سپر اسٹور کے ملازم پر تشدد کی ویڈیو منظر عام پر آگئی۔ ویڈیو میں پولیس اہلکاروں کو ملازم پر لاتیں اور مکے برساتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔تفصیلات کے مطابق بتایا گیا ہے کہ سپر اسٹور کی پارکنگ میں پولیس اہلکار موٹر سائیکل پارک کرنا چاہتا تھا، تاہم ملازم نے منع کردیا۔ اس پر پولیس اہلکار تھانے گیا اور مزید اہلکاروں کو ساتھ لے آیا۔ بعد ازاں پولیس اہلکاروں نے مل کر ملازم کو مبینہ طور پر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ دیگر ملازمین کو بھی تھپڑ مارے گئے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی ویڈیو اور حقائق کی روشنی میں مکمل تحقیقات کی جارہی ہیں، تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔