کراچی سولجر بازار میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے تاجر جاں بحق

شہرِ قائد کے علاقے سولجر بازار میں نامعلوم موٹر سائیکل سوار ملزمان کی فائرنگ سے تاجر معیز لاکھانی جاں بحق ہوگیا۔ واقعہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے بھائی کے ہمراہ کباب خریدنے آیا تھا۔پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ریسٹورنٹ کے باہر پیش آیا، جہاں ملزمان نے قریب آ کر موٹر سائیکل پر بیٹھے معیز پر گولیاں چلائیں اور موقع سے فرار ہوگئے۔زخمی حالت میں معیز کو اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ جاں بحق ہونے والا شخص جمشید کوارٹر کا رہائشی اور الیکٹرونکس کاروبار سے وابستہ تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ بظاہر دورانِ ڈکیتی پیش آیا معلوم ہوتا ہے، تاہم حتمی محرکات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔صدر الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے۔