کراچی میں ٹریفک حادثات کا سلسلہ نہ تھم سکا۔ کورنگی کے علاقے سنگر چورنگی پر ٹرک موٹر سائیکل پر چڑھ گیا، جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق حادثہ ٹرک کے بریک فیل ہونے کے باعث پیش آیا، جس میں موٹرسائیکل ٹرک کے نیچے پھنس گئی۔ ٹرک فٹ پاتھ سے ٹکرا کر رکا جبکہ زخمیوں کو فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔دوسری جانب گزشتہ روز گلشن اقبال کے نیپا پل پر بھی ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جہاں ڈمپر نے موٹرسائیکل کو ٹکر ماری۔ حادثے میں موٹرسائیکل سوار خاتون شدید زخمی ہوگئی۔واقعے کے بعد مشتعل افراد نے ڈمپر کو آگ لگا دی تھی، جس کے باعث علاقے میں ٹریفک جام ہوگیا۔ پولیس کے مطابق حادثے کے ذمےدار ڈمپر کے مالک کو طلب کرلیا گیا ہے جبکہ مزید ڈمپرز کو نیپا پل جانے سے روک دیا گیا ہے تاکہ کسی بڑے نقصان سے بچا جاسکے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ بریک فیل ہونے اور بے احتیاطی کے باعث حادثات بڑھتے جارہے ہیں، جنہیں روکنے کے لیے فوری اقدامات ناگزیر ہیں۔






