بحیرہ عرب میں بننے والا ڈپریشن بے اثر، پاکستان کو کوئی خطرہ نہیں، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ بحیرہ عرب میں بننے والے ڈپریشن کے اثرات سے فی الحال پاکستان کو کوئی خطرہ لاحق نہیں ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ڈپریشن کا پاکستان کی ساحلی پٹی پر کوئی خطرہ نہیں، تاہم کراچی میں آج بھی تیز اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔شہر میں موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ رات اور صبح کے وقت ہلکی خنکی محسوس کی جائے گی۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں اس وقت شمال مشرقی سمت سے خشک ہوائیں چل رہی ہیں، جن کی رفتار 25 سے 35 کلو میٹر فی گھنٹہ تک رہنے کا امکان ہے۔ہوا میں نمی کا تناسب 55 فیصد ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ دوپہر کے اوقات میں دھوپ سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔