سندھ حکومت کا خواتین کے لیے مفت پنک اسکوٹر منصوبہ، شرجیل میمن نے شرط بتادی

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ صوبائی حکومت اگلے ماہ کے آخر تک خواتین کو پاکستان کی پہلی الیکٹرک پنک اسکوٹر فراہم کرے گی۔ اس موقع پر انہوں نے اس سہولت کے لیے لازمی شرط بھی بتادی۔اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ صرف وہ خواتین مفت پنک اسکوٹر حاصل کر سکیں گی جن کے پاس ڈرائیونگ لائسنس ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ منصوبے کے پہلے مرحلے میں 10 ہزار درخواستیں موصول ہوئیں جن میں سے تقریباً 150 خواتین کے پاس مکمل ڈرائیونگ لائسنس موجود ہے، جبکہ دیگر خواتین لرننگ لائسنس کے لیے اپلائی کریں گی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ کے ایم سی سندھ حکومت کے ساتھ اشتراک کرے گا اور خواتین کو بائیک ٹریننگ، ڈرائیونگ لائسنس کی فیس اور ہیلمٹ بھی فراہم کیے جائیں گے۔ اگر ایک ہزار سے زائد اسکوٹرز تیار ہو گئیں تو بیلٹنگ کے ذریعے ان کی تقسیم کی جائے گی۔شرجیل میمن نے مزید بتایا کہ کراچی میں ٹرانسپورٹ کے متعدد منصوبے جاری ہیں۔ بی آر ٹی کا ایک کوریڈور مکمل ہو چکا ہے، جبکہ دیگر منصوبوں پر تیزی سے کام ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ستمبر میں مزید ای وی بسیں اور ڈبل ڈیکر بسیں بھی شامل کی جائیں گی تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولیات فراہم کی جا سکیں۔