ناردرن بائی پاس مائی گاڑی کے قریب پلاسٹک کے گودام میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی

شہر قائد کے علاقے ناردرن بائی پاس مائی گاڑی کے قریب کھلے میدان میں قائم پلاسٹک کے گودام میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے شدت اختیار کرلی۔عینی شاہدین کے مطابق شعلے دور دور تک دکھائی دے رہے تھے جبکہ فضا میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔فائر بریگیڈ حکام کے مطابق گودام دو ایکڑ رقبے پر مشتمل ہے جس میں پلاسٹک سمیت دیگر قابلِ اشتعال سامان موجود تھا۔ تیز ہوا اور پانی کی قلت کے باعث آگ بجھانے کے عمل میں مشکلات پیش آئیں۔ریسکیو ذرائع کے مطابق کے ایم سی کی تین اور ریسکیو 1122 کی چار گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف ہیں جبکہ مزید پانچ فائر بریگیڈ گاڑیاں بھی طلب کرلی گئی ہیں۔خوش قسمتی سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم مالی نقصان کا اندازہ تاحال نہیں لگایا جا سکا۔گودام کے ملازمین نے الزام عائد کیا کہ فائر بریگیڈ تقریباً ایک گھنٹے کی تاخیر سے موقع پر پہنچی، جس کے باعث آگ نے شدت اختیار کی۔ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ معلوم نہیں ہو سکی، تاہم حکام کے مطابق آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوششیں جاری ہیں۔