ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی نے غیر قانونی کال سینٹر چلانے کے مقدمے میں ملزم ارمغان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سائبر کرائم کی تحویل میں دے دیا۔ کراچی میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کی عدالت میں غیر قانونی کال سینٹر چلانے کے مقدمے کی سماعت ہوئی، ملزم ارمغان کو ویڈیو لنک کے ذریعے عدالت میں پیش کیا گیا۔ ایف آئی اے سائبر کرائم حکام نے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرتے ہوئے بتایا کہ ملزم ارمغان کیخلاف غیر قانونی کال سینٹر چلانے اور کرپٹو کرنسی کی منتقلی کا الزام ہے۔ ملزم سے تکنیکی تحقیقات کے لئے جسمانی ریمانڈ ضروری ہے۔ عدالت نے ملزم ارمغان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر سائبر کرائم کی تحویل میں دے دیا۔ عدالت نے جیل حکام کو ارمغان کی کسٹڈی سائبر کرائم حکام کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کردیے۔ جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی نے ملزم ارمغان کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست مسترد کردی تھی۔