عباسی شہید اسپتال میں میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی تقریب کے دوران افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں اسپتال کی لفٹ گر گئی۔ خوش قسمتی سے لفٹ میں موجود صحافی محفوظ رہے۔عینی شاہدین کے مطابق لفٹ تیسری منزل سے پہلی منزل پر آکر گری، تاہم اٹکنے کی وجہ سے بڑا حادثہ ٹل گیا۔ لفٹ میں مختلف ٹی وی چینلز کے کیمرامین اور ایک خاتون صحافی بھی موجود تھیں، جنہیں لٹکی ہوئی لفٹ کا دروازہ کھول کر باہر نکالا گیا۔دلچسپ امر یہ ہے کہ کچھ ہی لمحے قبل میئر کراچی مرتضیٰ وہاب بھی اسی لفٹ کے ذریعے نیچے اترے تھے۔واضح رہے کہ رواں برس فروری میں بھی عباسی شہید اسپتال میں اسی نوعیت کا واقعہ پیش آچکا ہے، جب میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، ڈپٹی میئر اور دیگر افراد لفٹ میں پھنس گئے تھے۔






