فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم کے نفاذ کے بعد شہر قائد میں دستی چالان کا نظام مکمل طور پر ختم کر دیا گیا ہے۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی زیر صدارت فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم کی کارکردگی کا پہلا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں ڈی آئی جی ٹریفک کراچی پیر محمد شاہ، پولیس افسران اور متعلقہ حکام شریک ہوئے۔اجلاس میں ڈی آئی جی ٹریفک نے بتایا کہ فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم کے نفاذ کے بعد کراچی میں دستی چالان کا عمل مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جبکہ شہریوں کی جانب سے اس نظام کو بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔ عوامی سطح پر اس اقدام کو ٹریفک قوانین کے نفاذ اور شفافیت کے لیے سراہا جا رہا ہے۔اجلاس میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک نظم و ضبط کے لیے کراچی ٹریفک مینجمنٹ بورڈ کے قیام کی تجویز پیش کی گئی۔ ساتھ ہی سندھ کے دیگر اضلاع میں بھی فیس لیس ای ٹکٹنگ کے نفاذ پر غور کیا گیا۔آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے فیس لیس ای ٹکٹنگ نظام میں بہترین کارکردگی پر ڈی آئی جی ٹریفک کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ہمارا اصل مقصد ٹریفک حادثات کی روک تھام اور نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔ تیز رفتاری حادثات کی بڑی وجہ ہے، اس خلاف ورزی پر سخت کارروائی کی جائے۔انہوں نے مزید ہدایت دی کہ فیس لیس ای ٹکٹنگ سسٹم کو صوبے کے دیگر اضلاع تک وسعت دی جائے، مصروف شاہراہوں پر سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کی جائے، اور ٹریفک پولیس ہیلپ لائن 1915 کو صوبے بھر میں توسیع دی جائے تاکہ عوام کو فوری رہنمائی فراہم کی جا سکے۔






