شہر قائد کے کراچی چڑیا گھر میں ناقص ماحول اور اذیت ناک حالات میں رہنے والی مادہ ریچھ ’’رانو‘‘ کو بالآخر اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔ذرائع کے مطابق رانو کو صبح 7 بجے کراچی زو سے فیصل ایئر بیس لایا گیا، جہاں سے پاک فضائیہ کے کارگو طیارے سی ون تھرٹی کے ذریعے اسے اسلام آباد روانہ کیا گیا۔ کمیٹی کی رکن و فلم میکر ماہرہ عمر، اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اور کراچی زو کی ٹیم پوری منتقلی کے عمل کی ریکارڈنگ کے دوران موجود رہی۔اسلام آباد پہنچنے کے بعد کمیٹی نے رانو کے رویے، تربیت، جسمانی اور ذہنی صحت کا تفصیلی جائزہ لیا۔ ذرائع کے مطابق اسلام آباد کے بعد رانو کو گلگت بلتستان منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے 14 اکتوبر کو کراچی زو میں مادہ ریچھ کیلئے غیر مناسب انتظامات سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران زو انتظامیہ کو رانو کو اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے حوالے کرنے کا حکم دیا تھا۔ درخواست گزار نے عدالت کو بتایا تھا کہ رانو گزشتہ سات برس سے ایک ہی جگہ قید تھی، اس کے سر میں کیڑے پڑ چکے تھے اور وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار تھی۔






