کراچی سمیت سندھ بھر میں یکم اگست سے جشنِ آزادی کا آغاز ہوگا

سندھ حکومت نے یکم اگست سے جشنِ آزادی کی تقریبات کا آغاز کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سلسلے میں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوا، جس میں “معرکۂ حق” کے عنوان سے خصوصی تقریبات کو حتمی شکل دینے کے لیے اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ اجلاس میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، سعید غنی، محمد بخش مہر، ذوالفقار شاہ، میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب، کمشنر کراچی حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ پاکستان نے حال ہی میں بھارت کے خلاف ایک تاریخی سفارتی فتح حاصل کی ہے، جس کے بعد یہ پہلی یومِ آزادی ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں خصوصاً سندھ میں بھرپور جوش و خروش سے جشن منایا جائے گا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ایسے پروگرام ترتیب دیے جائیں جن میں مسلح افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا جا سکے اور عوامی جذبے کو اجاگر کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے ثقافتی شوز، کھیلوں کے مقابلوں اور موسیقی کی تقریبات سمیت عوامی شرکت کے متنوع پروگرامز منعقد کرنے کی منظوری دی۔ ترجمان وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق، “معرکۂ حق” اور یومِ آزادی پروگرامز کی تیاری کے لیے قائم کردہ کمیٹی کی سربراہی صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کریں گے، جبکہ وزیرِ کھیل، وزیرِ ثقافت، وزیر بلدیات اور مختلف اضلاع کے میئرز بھی کمیٹی کا حصہ ہوں گے۔
کمیٹی جشنِ آزادی کی تقریبات کا مکمل پلان تیار کرکے وزیراعلیٰ کو پیش کرے گی۔ وزراء شرجیل انعام میمن اور سعید غنی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ “اس بار جشنِ آزادی قومی وقار اور اتحاد کا مظہر ہوگا۔” ان کا کہنا تھا کہ سول سوسائٹی، سیاسی جماعتیں اور نوجوان بڑی تعداد میں شریک ہو کر ملک سے اپنی محبت کا اظہار کریں گے۔