سندھ میں طلبہ کی حاضری کا پہلا ڈیجیٹل سسٹم سلیکٹ متعارف

سندھ میں طلبہ کی حاضری کی مانیٹرنگ کے پہلے ڈیجیٹل نظام ’سلیکٹ‘ کا افتتاح کراچی کے مقامی ہوٹل میں کر دیا گیا۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ بچوں کے تعلیمی سفر کی درست معلومات کا ہونا ضروری ہے، ہمیں علم ہونا چاہیے کہ طلبہ کہاں جا رہے ہیں اور کس حد تک تعلیم میں تسلسل برقرار رکھ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل حاضری مانیٹرنگ سسٹم ہر اسکول میں ہونا چاہیے تاکہ والدین، اساتذہ اور انتظامیہ کو حقیقی ڈیٹا مل سکے۔وزیراعلیٰ نے اعلان کیا کہ اسکول سطح پر اس نظام کے نفاذ کے بعد اسے کالجز اور جامعات میں بھی توسیع دی جائے گی، تاکہ پورے سندھ میں تعلیمی عمل کی شفاف نگرانی اور طلبہ کی باقاعدگی سے حاضری ممکن بنائی جا سکے۔