پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی صدارت میں سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا اہم اجلاس آج شام 7 بجے بلاول ہاؤس کراچی میں ہوگا۔اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور مجوزہ 27ویں آئینی ترمیم پر حکومت کے رابطوں کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق مجوزہ ترمیم میں آئینی عدالت کے قیام، ایگزیکٹو مجسٹریٹس کی بحالی، ججوں کے تبادلوں کے اختیارات، این ایف سی میں صوبائی حصے کے تحفظ سے متعلق تبدیلی، آرٹیکل 243 میں ترمیم، تعلیم اور آبادی کی منصوبہ بندی کے اختیارات کی وفاق کو واپسی کے نکات شامل ہیں۔اس کے علاوہ الیکشن کمیشن کی تقرری پر موجود جاری تعطل ختم کرنے کے معاملے پر بھی بات متوقع ہے۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے وفد نے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے پیپلز پارٹی سے حمایت مانگی ہے، جبکہ اجلاس میں اس حوالے سے پارٹی کی حتمی پالیسی طے کی جائے گی۔






