بغیر ویزہ افغان ڈرائیورز پر پاکستان میں داخلے کی پابندی عائد

پاکستان نے افغانستان سے آنے والی مال بردار گاڑیوں کے ڈرائیورز کے بغیر ویزہ ملک میں داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ فیصلہ سیکیورٹی اور امیگریشن قواعد و ضوابط کو مزید مؤثر بنانے کے تناظر میں کیا گیا ہے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق افغان مال بردار گاڑیوں کو 31 اگست 2025 تک صرف عارضی داخلہ دستاویز (temporary entry permit) پر آمد و رفت کی اجازت ہوگی۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے، جس میں تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق یہ پابندی آج سے نافذ العمل ہے اور اس کا اطلاق پاکستان اور افغانستان کے درمیان تمام تجارتی بارڈرز پر یکساں طور پر ہوگا، جن میں طورخم، چمن، غلام خان اور دیگر اہم گزرگاہیں شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ ایک سال قبل دی گئی اُس مہلت کے بعد لیا گیا ہے، جس کے تحت افغان ڈرائیورز کو ویزہ حاصل کرنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ تاہم، متعدد ڈرائیورز کی جانب سے اس پر عملدرآمد نہ ہونے کے باعث یہ قدم اٹھایا گیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اقدام نہ صرف بارڈر مینجمنٹ کو مضبوط بنائے گا بلکہ قانونی تجارتی نظام کو شفاف اور مؤثر بنانے میں بھی مدد دے گا۔