سیپ نے صدر اور جنرل سیکریٹری کی برطرفی کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا

پی آئی اے ایئرکرافٹ انجنیئرز کی تنظیم سیپ نے اپنے صدر اور جنرل سیکریٹری کی ملازمت سے برطرفی کے فیصلے کو عدالت میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ سیپ کے مطابق پی آئی اے انتظامیہ کی جانب سے دونوں عہدیداروں کی برطرفی غیر منصفانہ اقدام ہے۔واضح رہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن انتظامیہ اور ایئرکرافٹ انجینئرز کے درمیان تنازع شدت اختیار کر گیا ہے، جس کے باعث پی آئی اے کا فلائٹ آپریشن بھی جزوی طور پر متاثر ہوا ہے۔ سیپ کی جانب سے تنخواہوں اور الاؤنسز میں اضافہ نہ ہونے پر گزشتہ کئی روز سے کام بند کیا گیا ہے۔تنظیم نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ انتظامیہ کا یہ اقدام اصل مسائل کے حل کی بجائے دباؤ بڑھانے کی کوشش ہے، اسی لیے معاملے کو عدالت میں اٹھایا جا رہا ہے۔