شہرِ قائد ایک بار پھر فائرنگ کے واقعات سے گونج اٹھا، مختلف علاقوں میں فائرنگ کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 5 افراد زخمی ہوگئے۔ کورنگی کے علاقے زمان ٹاؤن سو کوارٹر کے قریب دکان پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد موقع پر جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور کرائم سین یونٹ کو بھی طلب کرلیا۔ چھیپا ریسکیو کے مطابق جاں بحق افراد کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کی گئیں جہاں ان کی شناخت 40 سالہ نور نبی ولد شاہ عالم اور 32 سالہ الیاس ولد محمود اللہ کے نام سے کی گئی، جبکہ زخمی ہونے والے 25 سالہ اسمٰعیل کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ ذاتی رنجش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے تاہم تحقیقات جاری ہیں اور عینی شاہدین کے بیانات بھی ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔ مضروب کے ہوش میں آنے کے بعد اس کا بیان بھی لیا جائے گا تاکہ واقعے کی وجوہات کا تعین کیا جا سکے۔ فائرنگ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور مکینوں کی بڑی تعداد گھروں سے باہر نکل آئی۔وزیر داخلہ سندھ نے کورنگی زمان ٹاؤن میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ڈسٹرکٹ کورنگی سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ انہوں نے ہدایت جاری کی ہے کہ واقعے کی جامع تفتیش کی جائے اور ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کیا جائے تاکہ شہریوں میں پیدا ہونے والے خوف و دہشت کو کم کیا جا سکے۔
دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں دیگر فائرنگ کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے جن میں مجموعی طور پر 5 افراد زخمی ہوئے۔ بن قاسم کے علاقے جمعہ حمایتی گوٹھ میں گھر کے اندر فائرنگ سے 35 سالہ ساجد زخمی ہوگیا۔ ایس ایچ او فیصل رفیق کے مطابق یہ واقعہ گھر کے اندر پستول صاف کرتے وقت اتفاقیہ گولی چلنے سے پیش آیا۔ پولیس نے جائے وقوعہ سے 9 ایم ایم پستول اور گولی کا خول تحویل میں لے لیا ہے جبکہ اسلحہ لائسنس یافتہ بتایا گیا ہے۔اسی طرح بن قاسم کے علاقے میں مقامی کمپنی کے قریب فائرنگ سے چوکیدار بشیر زخمی ہوا جسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق یہ واقعہ مبینہ طور پر ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر پیش آیا۔کورنگی نمبر 4 میں فائرنگ سے 65 سالہ محمد صادق زخمی ہوا، عوامی کالونی پولیس کے مطابق واقعہ نامعلوم ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں پیش آیا، جبکہ وجوہات کا تعین تاحال نہیں ہو سکا۔ شاہ فیصل کالونی نمبر 2 میں فائرنگ کے ایک اور واقعے میں 62 سالہ مجیب الرحمان زخمی ہوا جسے اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق واقعہ ذاتی جھگڑے کا نتیجہ تھا۔رضویہ کے علاقے ناظم آباد گولیمار میں بھی فائرنگ سے 35 سالہ احتشام زخمی ہوا، جسے طبی امداد کے لیے اسپتال پہنچا دیا گیا۔ مختلف علاقوں میں فائرنگ کے ان واقعات کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔






